ریاستی گیت کی ادبی و ثقافتی اہمیت، تاریخ کے آئینے میں 


✍️رضوی سلیم شہزاد مالیگاؤں 

(9130142313) 


سن 2023 میں مہاراشٹر حکومت نے سرکاری طور پر حکم جاری کیا تھا کہ ریاست کی تمام زبانوں کی تمام نجی و سرکاری اسکولوں میں روزانہ اسکول اسمبلی میں پیش درس کے دوران ریاستی گیت "جئے جئے مہاراشٹر ماجھا، گرجا مہاراشٹر ماجھا" اس گیت کو گایا جائے۔ ایک سال بعد دوبارہ حکومت مہاراشٹر ڈیپارٹمنٹ آف اسکول ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس نے اپنے سرکلر نمبر: سنکرنا-2024/P.No.127/SD-4 تاریخ: 15 مارچ 2024ء کو اسکولوں میں اس راجیہ گیت کو پڑھنا لازمی قرار دیا اور سختی کے ساتھ اس پر عمل آوری کے لئے افسران کو پابند کیا۔ 


ریاستی حکومت کے ان حکمناموں کی روشنی میں نئے تعلیمی سال 2025-26 کیلئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن، ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ آفس کے ایڈمنسٹریٹیو آفیسر شری چندر کانت پاٹل نے 9/جولائی کے اپنے ایک حکمِ گشتی جاوک نمبر ایم.این.پی/محکمہ تعلیم/ استھاپنا/ 220/ 2025ء کے تحت شہر کی تمام میڈیم کی تمام سرکاری و نجی پرائمری و سیکنڈری اسکولوں میں اس گیت کو گانا لازمی قرار دیا ہے۔ اے او شری چندر کانت پاٹل کے اس حکمِ گشتی میں مذکورہ بالا حکومتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے تحریر کیا گیا ہے کہ "آزادی کے امرت مہوتسو" پر ریاست کے نوجوانوں کو متاثر کرنے والا ریاستی گیت "جئے جئے مہاراشٹر ماجھا، گرجا مہاراشٹر ماجھا" ریاست کے تمام میڈیم اور تمام انتظامی سرکاری و نجی اسکولوں میں روزانہ سیشن کے آغاز سے پہلے قومی ترانہ، تلاوت، دعا وغیرہ کے ساتھ "جئے جئے مہاراشٹر ماجھا، گرجا مہاراشٹر ماجھا" گایا جائے گا۔ موصوف نے اسکول انتظامیہ کمیٹی سے امید کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسکولوں میں یومیہ سیشن شروع ہونے سے پہلے قومی ترانہ، تلاوت، دعا، عہد وغیرہ کے ساتھ ریاستی ترانہ "جئے جئے مہاراشٹرا، گرجا مہاراشٹرا ماجا" بلند آواز سے گایا جائے۔


اپنے حکمِ گشتی کے آخری میں اے او موصوف نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ حکومتی حکم پر سختی سے عمل کیا جانا ضروری ہے۔ اسکولوں میں دورانِ وزٹ اگر پایا گیا کہ کوئی اسکول مذکورہ حکم پر عمل نہیں کررہا ہے تو متعلقہ اسکول کے خلاف تادیبی کارروائی کے لیے حکومت کو تجویز روانہ کی جائے گی۔


اس گیت کو نوجوان نسل اور طلبہ تک پہنچانے کا مقصد بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نوجوان نسل میں مہاراشٹر کی تاریخ، بہادری، ثقافت، محنت اور خودداری کا شعور بیدار کرنا ہی اس گیت کا پیغام ہے جس میں مہاراشٹر کے عظیم مجاہد شیواجی مہاراج کی میراث کا ذکر کرتے ہوئے کسانوں اور مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

-----------------------------------------------



*🏛️ مہاراشٹر کے ریاستی گیت کا تاریخی، ادبی اور ثقافتی پس منظر*



یہ گیت پہلی بار 1960 میں مہاراشٹر ریاست کے قیام کے بعد گایا گیا، جب بمبئی اسٹیٹ سے الگ ہوکر مہاراشٹر کو ایک علاحدہ ریاست کا درجہ دیا گیا۔ اس گیت کو مہاراشٹر کے مشہور قومی و عوامی شاعر راجہ بڈھے نے لکھا تھا، جو مراٹھی زبان کے ملک گیر شہرت یافتہ ادیب اور محب وطن شاعر تھے۔


*مہاراشٹر کے ریاستی گیت کی ادبی خصوصیات:*

یہ گیت مارشل انداز میں لکھا گیا ہے، جس میں ولولہ، فخر، جذبہء حبّ الوطنی، اور ریاستی غیرت نمایاں ہے۔اس گیت میں شیواجی مہاراج، محنت کش عوام، اور ان کی دلیری جیسے عناصر کو مہاراشٹر کی شناخت قرار دیا گیا ہے۔ تشبیہات اور استعارے خوبصورتی سے استعمال ہوئے ہیں جیسے "آسمان کی سلطنت"، "فولادی من" اور "گرمی میں جلنا" وغیرہ

-----------------------------------------------


*🌺اردو رسم الخط میں مہاراشٹر راجیہ گیت🌺*


جئے جئے مہاراشٹر ماجھا، گرجا مہاراشٹر ماجھا

جئے جئے مہاراشٹر ماجھا، گرجا مہاراشٹر ماجھا۔۔


بِھیتی نا آمہا تُجھی مُڑی ہی، گڑگڑناریا نَبھا 

اسَماناچیا سُلتانی لا، جباب دیتی جِبھا

سَہیادری چیا سِینھ گَرجتو، شِیو شَنبھو راجا

دَری دری تُن ناد گُنجلا، مہاراشٹر ماجھا

جئے جئے مہاراشٹر ماجھا، گرجا مہاراشٹر ماجھا۔۔

جئے جئے مہاراشٹر ماجھا، گرجا مہاراشٹر ماجھا۔۔


کاڑیا چھاتی وَری کورلی، ابھیماناچی لِینی 

پَولادی من گَٹے کِھیڑتی، کھیل جیو گِھینی

دارِدرا چیا اُنهات شِجلا، نِڈھڑا چیا گھامانے بِھجلا

دیش گَوروا ساٹھی جھجلا، دِلّی چے ہی تخت راکھیتو، مہاراشٹر ماجھا

جئے جئے مہاراشٹر ماجھا، گرجا مہاراشٹر ماجھا، 

جئے جئے مہاراشٹر ماجھا۔۔

-----------------------------------------------


*🌍🌺مہاراشٹر راجیہ گیت کا اردو ترجمہ🌺*


مہاراشٹر کی جے ہو، مہاراشٹر گونجے، للکارے

مہاراشٹر کی جے ہو، مہاراشٹر گونجے، للکارے

ہم تجھ سے نہیں ڈرتے، اے گرجنے والے آسمان۔

آسمان کی سلطانی کے لیے ہماری زبان للکار رکھتی ہے۔ (مُراد ہم ہواؤں پر ہمارا راج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔) 


سہیادری کا شیر دھاڑتا ہے، شیو شمبھو بادشاہ (مراد شیواجی مہاراج) 


پہاڑوں کے دامن میں چاروں طرف مہاراشٹر کی آواز گونج رہی ہے۔

ہم نے (پہاڑوں کے سیاہ سینے پر) فخر و غرور کا غار کندہ کیا ہے۔

ہماری فولادی کلائیاں جان لیوا کھیل کھیلتی ہیں۔

ہم غربت کی دھوپ میں (تپ کر) کُندن بنے ہیں۔

ہم شدید محنت کے پسینے میں بھیگے ہوئے ہیں۔ (مراد محنت کش ہیں۔) 


-----------------------------------------------


*🌺مہاراشٹر کے ریاستی گیت کی تشریح🌺*


*پہلے بند کی تشریح:*

ہم ان لوگوں سے نہیں ڈرتے جو ہمارے خلاف سازشیں کرتے ہیں اور ہمارے خلاف بولتے ہیں۔ گرجتے بادل ہمیں ڈرا نہیں سکتے۔ ان کا جواب دینے کے لیے ہماری زبانیں کافی ہیں۔ ایسی ہی تعلیم ہمیں چھترپتی شیواجی نے دی ہے، سہادریوں کے شیر کی تعلیمات کے نعرے گھر گھر جا رہے ہیں۔ یہ مہاراشٹر میرا ہے۔


*دوسرے بند کی تشریح:*

مہاراشٹر کے لوگ بہادر ہیں۔ ان کے سیاہ سینے پر مہاراشٹر کا فخر نقش ہے۔ ان کی کلائیاں فولاد کی بنی ہوئی ہیں۔ اس لیے وہ اپنی جانوں سے کھیلنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔ مہاراشٹر کے لوگ غربت کی دھوپ میں تپتے ہیں، محنت کرکے پسینہ بہاتے ہیں۔ نسل در نسل لوگوں نے ملک کی شان کے لیے محنت کی ہے۔ مہاراشٹر ایسا ہے کہ دہلی کے تخت کی حفاظت بھی کر سکتا ہے۔

-----------------------------------------------

 
Design by Wordpress Theme | Bloggerized by Free Blogger Templates